اسلام آباد (نیوز ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہاہے کہ احتساب عدالت نے ایک طاقتور کو سزا سنائی اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی طاقتور کو سزا ملی ٗ پاکستان کو دلدل سے نکالنے کیلئے قانون کی بالادستی لانا ہوگی ٗنوازشریف کو اللہ نے جتنے موقعے دیئے شاید کسی اور کو ملے ہوں ٗ (ن) لیگ کے لوگوں سے کہنا چاہتا ہوں کیا آپ نے اللہ کو جواب نہیں دینا؟ سب کو پتا تھا کہ جھوٹ پر جھوٹ بولا جارہا ہے ٗ
ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدیلی سے متعلق راجہ ظفر الحق کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے ۔ ہفتہ کو علما مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو دلدل سے نکالنے کیلئے قانون کی بالادستی لانا ہوگی، اس کا مطلب کمزور اور طاقتور سب برابر ہیں، ملک کو دلدل سے نکلانے کیلئے اسلامی اصول اپنانا ہوں گے ، (ن) لیگ کے لوگوں سے کہنا چاہتا ہوں کیا آپ نے اللہ کو جواب نہیں دینا؟ سب کو پتا تھا کہ جھوٹ پر جھوٹ بولا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو اللہ نے جتنے موقعے دیئے شاید کسی اور کو ملے ہوں، گزشتہ روز احتساب عدالت نے ایک طاقتور کو سزا سنائی اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی طاقتور کو سزا ملی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ بچوں کے نام پر دنیا کے مہنگے ترین فلیٹس خریدے گئے اور پاکستان میں ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، یہ کسی ملک کا زوال ہے کہ اس کی اخلاقیات ختم ہوجائیں، اچھے اور برے کی تمیز ختم ہونے سے قومیں تباہ ہوجاتی ہیں۔عمران خان نے ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدیلی سے متعلق راجہ ظفر الحق کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ بھی کیا۔قبل ازیں درگاہ گولڑہ شریف میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے 21 سال کھیل کے میدانوں میں گزرے مجھے پتہ ہے کہ میچ جیتنے پر لوگ پرتپاک استقبال کرتے ہیں اور ہارنے پر انڈے مارتے ہیں
لیکن میرا اصول ہے کہ جیت پر اپنے پاؤں زمین سے نہ اٹھنے دو کیوں کہ ہار جیت عارضی اور باقی رہ جانے والی ذات اللہ کی ہے، جو اللہ کے حکم پر عمل نہیں کرتا اس کو ذلت اٹھانی پڑتی ہے اللہ کے حکم پر چلیں، سب کچھ اس کے ہاتھ میں ہے۔عمران خان نے کہا کہ گزشتہ دس سال میں پاکستان پر قرضہ 27 ہزار ارب تک پہنچ گیا، کرپشن اور چوری نے ملک کو کھوکھلا کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں ایک چھوٹا سا طبقہ امیر ہوتا جارہا ہے، سابق وزیرِ اعظم کو 30 ہزار کروڑ روپے کا حساب دینا ہے۔



















































