منگل‬‮ ، 24 دسمبر‬‮ 2024 

اصل فیصلہ عوامی عدالت میں ہوگا،مسلم لیگ (ن) نے احتساب عدالت کے فیصلے کو مسترد کر دیا ،جوابی اقدامات کا اعلان

datetime 6  جولائی  2018
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے انصاف کے حصول کیلئے آئینی و قانونی چارہ جوئی کرنے اور انتخابی مہم کو پر امن احتجاج کا ذریعہ بنانے کا اعلان کر دیا ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے احتساب عدالت کے فیصلے کے بعد مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہنگامی پریس کی ۔

اس موقع پر مشاہد حسین سید ،خواجہ سعد رفیق ، حمزہ شہباز پرویز ملک ،زاہد حامد ، خواجہ احمد حسان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ یہ ایسا فیصلہ ہے جو کہ تاریخ میں سیاہ حروف میں یاد رکھا جائے گا ۔ سپریم کورٹ کی سماعت ، جے آئی ٹی کی تحقیقات کے بعد دس جلدوںں پر مشتمل تفتیشی رپورٹ میں ایسی کوئی ٹھوس قانونی دستاویز مہیا نہیں کی گئی کہ جس سے نواز شریف کا نام پانامہ یا ایون فیلڈ کی ملکیت ثابت ہوتی ہو ۔ انہوں نے کہا کہ احتساب عدالت نے نا انصافی کی بنیاد پر فیصلہ دیا ہے جبکہ دوسری طرف ایسا فیصلہ بھی ہے کہ ایک سیاسی شخصیت کے حوالے سے جس کے بارے میں خود احتساب عدالت نے فیصلہ دیا کہ چونکہ اصل دستاویزات موجودو نہیں اور فوٹو کاپیز کی بنیاد پر ہم اس کیس کو خارج کرتے ہیں اور اس بڑی سیاسی شخصیت کو ریلیف دیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے 2010ء میں نیب کو خط لکھا اور ہدایات دیں کہ چنیوٹ میں لوہے کے ذخائر میں ساڑھے چارسو ارب کا فراڈ کرنے والوں کے خلاف تادیبی کاررائی کی جائے او رانہیں قرار واقعی سزا دی جائے لیکن اس واقعہ کو آٹھ سال گزر گئے ہیں جس خائن نے قوم کے ساڑھے چار سو ارب لوٹے اسے کلین چٹ دیدی گئی ۔ سپریم کورٹ کے جج رحمت حسین جعفری کی کمیشن کی رپورٹ میں کہا گیا کہ نندی پور کیس میں بابر اعوان براہ راست ذمہ دار ہیں لیکن نیب نے آج تک ان کے خلاف کارروائی نہیں کی ۔ اس کے علاوہ بہت سے مقدمات سالہا سال سے التواء میں پڑے ہوئے ہیں

جن کے ذریعے اس غریب ملک کی ایک نہیں کئی سو اربوں کی جمع پونجی لوٹی گئی اور ان کے بلیک اینڈ وائٹ ثبوت بھی موجود ہیں ۔ نواز شریف او ر ان کی صاحبزادی نے نیب عدالت میں 109پیشیاں بھگتیں حتیٰ کہ چھٹی کے روز بھی کیس چلانے کی بات ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ بہت سے کارنامے او رمنصوبے ہیں جن کا کریڈٹ نواز شریف کو جاتا ہے ، نواز شریف نے اس ملک کو ایٹمی قوت بنایا اور قوم کی دعاؤں سے خارجی دباؤ ،

دھمکیوں اور لالچ کو بھی پایہ حقارت سے ٹھکرا دیا اور ملک کے وسیع تر مفاد میں فیصلہ کیا ۔ملک میں سی پیک کا موجد کون ہے ؟، چین نے نواز شریف کی وجہ سے سی پیک کا تحفہ دیا ، گوادر کے حوالے سے خوشحالی اور ترقی کا معاشی پروگرام کا موجد کون ہے ؟،ملک میں موٹرویز کا جال نواز شریف نے بچھایا ، دیا میر بھاشا ڈیم کے منصوبے کو سرد خانے سے نکال کر کس نے عملی طور پر آگے بڑھایا،وہ کون شخص ہے جس نے اقوام متحدہ میں کشمیر کے معاملے میں طاقتور مقدمہ پیش کیا اور وہ نواز شریف ہی ہے ۔

اس قوم کے سپوت او رفرزند کو جو سزا سنائی گئی ہے وہ قطعاً اس کے حقدار نہیں تھے ۔ نواز شریف نے اس ملک کی بے پناہ خدمت کی ہے ۔ جب یورپ او رامریکہ نے ایٹمی دھماکوں کی وجہ سے پاکستان پر پابندیاں لگائیں تو ملک کیلئے تین سال مفت تیل کا تحفہ نواز شریف لے کر آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ دباؤ کا مقابلہ حوصلے ، خندہ پیشانی اور بہادری سے کیا ہے ۔ انصاف کے حصول میں سخت تحفظات ہونے ، اہلیہ کی شدید علالت کے باوجود 19اکتوبر 2017سے اپنی صاحبزادی کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوتے رہے ،

کیا پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں اس کی کوئی مثال موجود ہے ۔ اور وہ خائن جنہوں نے ملک کی دولت کو لوٹا ، معیشت کو تباہ کیا ، اس کی جڑوں کو کھوکھلا کیا ، ملک کو کنگال کیا ان کے بارے میں اب تک کیا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک احتساب عدالت نے فیصلہ دیا ہے مگر 25جولائی کو ایک عوامی عدالت بھی لگنے والی ہے اور اللہ کے فضل و کرم سے یہ ثابت کرے گا کہ عوامی عدالت کا فیصلہ ٹھیک ہے اور عوامی عدالت کا فیصلہ احتساب عدالت کے بارے میں ووٹوں کے ذریعے بڑے زور سے گونجے گا ۔

انہوں نے کہا کہ میں ملک کے کونے کونے میں جاؤں گا، گلی کوچے میں جاؤں گا اور عوام کو اس زیادتی اور نا انصافی سے آگاہ کروں گا ۔ 25جولائی کو فجر کی نماز پڑھ کر نوجوان ، بزرگ ، مائیں ، بہنیں باہر نکلیں گی اور عوامی عدالت میں اپنی مہر سے گواہی دیں گے اور یہی صحیح معنوں میں پورے پاکستان کی گواہی ہو گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ عوام کی عدالت کے بعد خدائے بزرگ و برتر کے سامنے بھی ایک عدالت لگنی ہے جہاں سچ اور جھو ٹ کا فیصلہ ہونا ہے وہاں بھی نا انصافی او رانصاف کے درمیان فیصلہ ہونا ہے ،

وہاں اس مالک نے فیصلہ کرنا کہ کن لوگوں نے قوم کے اربوں روپے لوٹے اور کن لوگوں نے سر جھکا کر عوام کی خدمت کی اور ملک کو مسائل سے نجات دلائی ،کس نے کراچی سمیت پور ے ملک کا امن بحال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں ہر روز ایک آیت پڑھتا ہوں کہ کفن کی جیب نہیں ہوتی ۔ ہم اس فیصلے کے خلاف اور انصاف کے حصول کیلئے تمام آئینی اور قانونی راستے اپنائیں گے ۔مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بھرپور انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور تمام امیدوار اپنی انتخابی جلسوں کو پرا من احتجاج کا ذریعہ بنائیں گے اور اس کے ذریعے پورے ملک کی عوام اور پوری دنیا کو انصاف کے ترازو کی تول کا پتہ چلے گا ۔

انہوں نے کہا کہ انصاف وہی ہوتا ہے جس کی پوری دنیا تائید کرے ، پک اینڈ چوز اور کسی اور چیز کو انصاف کا نام نہیں دیا جا سکتا ۔ میں بطور صدر عوام اور خصوصی طو رپر (ن) لیگ کے ساتھیوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم عظیم پاکستانی ہیں ، اس فیصلے سے قطعاً دلبرداشتہ او رمایوس نہ ہوں،اللہ تعالیٰ کی رحمت شامل حال ہو گی ، ہمارے بد ترین مخالف بھی اس بات کا الزام نہیں دے سکتے کہ 2013ء میں نواز شریف نے جو وعدے کئے تھے وہ پورے نہیں کئے ،الحمدا للہ خدا کی مدد سے ملک سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے ختم کئے ،

ملک کو سی پیک دیا ،کاشغر سے سلک روڈ بننا ہے جس سے لاکھوں لوگوں کو روزگار ملنا ہے اور اس کا کریڈٹ نواز شریف کو جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب 25جولائی کو شام کو نتائج آئیں گے تو ثابت کریں گے کہ نوازشریف کی لیڈر شپ میں مسلم لیگ (ن) نے ملک کی بے پناہ اوربے لوث خدمت کی ہے ۔ہم اپنے انتخابی جلسوں میں اس کا اعادہ کریں گے کہ قانون کی حکمرانی لے کر آئیں گے اور اس کے آگے سر جھکائیں گے، انصاف وہ ہو جو یکساں اور شفاف ہو اور کوئی یہ نہ کہے کہ کسی کے لئے انصاف کا پیمانہ اور اور دوسرے کے لئے او ر ہے ،

قانون امیر اور غریب ،جابر اور محکوم کے لئے برابر ہوتا ہے ۔شہباز شریف نے کہا کہ احتساب عدالت کے فیصلے کی ٹائمنگ انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کی افسوسناک کوشش ہے ۔انتخابی عمل میں ڈھائی ہفتے رہ گئے ہیں اور ایسے میں فیصلہ جمہوری ،قانونی تقاضوں او ربنیادی حقوق کے منافی ہے ۔ ایک شخص جس کی اہلیہ زندگی وموت کی کشمکش میں مبتلا ہو اس کا بھی کوئی خیال نہ رکھا گیا یہ انصاف،اخلاقیات اور انسانیت ہے۔ ؟یہ سب پوری قوم کے سامنے ہو رہا ہے ،ہم پورے پاکستان میں پیغام پہنچائیں گے ۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمیں حکومت کی چاہت اور لالچ نہیں صرف ایک ہی چاہت اور لالچ ہے کہ 22کروڑ عوام کا ملک پاکستان عزت اور وقار کے ساتھ کھڑا ہو اور دنیا میں اس کا نام سر بلند ہو ۔ انہوں نے نواز شریف کے لندن میں سیاسی پناہ لینے کے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ پراپیگنڈا مخالفوں کی جانب سے کیا گیا ، اس طرح کے لغو الزامات پہلی مرتبہ نہیں لگائے گئے ۔ نواز شریف کی اہلیہ کی بیماری کو بھی سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی گئی ،سب کو خدا سے ڈرنا چاہیے ،کسی نے اس دنیا میں ہمیشہ نہیں رہنا ،

سیاسی پناہ کی باتیں قطعاً بے بنیاد ہیں اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ قانونی چارہ چوئی کرنا ہماری آئینی و قانون حق ہے کہ ہم یہ راستہ اختیار کریں ،عوامی عدالت بھی موجود ہے جس سے تائید ہوتی ہے اور اس سے اوپر اللہ کی ذات بھی موجود ہے ۔ ہمارے پاس سارے آپشن موجود ہیں ، قریہ قریہ جاؤں گا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) انتخابات میں حصہ لے گی اور الیکشن کمیشن کا فریض ہے کہ تمام جماعتوں کے امیدواروں کو لیول پلینگ فیلڈ مہیا کرے ۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو نیب دن رات بلا رہا ہے

جبکہ جنہوں نے اس ملک کی دولت لوٹی اس کو کھوکھلا کیا جس کے بلیک اینڈ وائٹ میں ثبوت موجود ہیں انہیں کچھ نہیں کہا جارہا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ جو بھی زیادتی او رنا انصافی ہو گی وہ انتخابی مہم میں عوام کو بتائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کی جانب سے دوسروں کو چور کہنے کا جو اشتہار چلایا جارہا ہے کیا الیکشن کمیشن کا قانون اس کی اجازت دیتا ہے ،اس اشتہار کے ذریعے براہ راست فتوی جاری کئے جارہے ہیں ۔ایسی باتوں کے ذریعے ملک میں آگ نہ لگائیں اگر یہ جنگ ہو گی تو تباہی ہو جائے گی ، الیکشن کمیشن اس کا فی الفور نوٹس لے اور لگام دے کیونکہ اگر بات نکلی تو بہت دور تک جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ 25جولائی کو عوام فیصلہ کرے گی اور میں اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھوں گا جب تک دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی نہ ہو جائے ۔

موضوعات:



کالم



طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے


وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…

شیطان کے ایجنٹ

’’شادی کے 32 سال بعد ہم میاں بیوی کا پہلا جھگڑا…