اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ میں آج عائشہ احد کیس نمٹا دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس کی سربراہی میں بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔ اس موقع پر حمزہ شہباز اور عائشہ احد عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس کےچیمبر میں فریقین کے درمیان معاملات طے ہونے پر راضی نامہ اور صلح ہو گئی ہے اور دونوں جانب سے فریقین نے ایک دوسرے کے
خلاف مقدمات واپس لے لئے ہیں۔ چیف جسٹس نے اس موقع پر حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیمبر میں ہونے والے معاملات میڈیا پر نہیں آئیں گے نہ ہی فریقین میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف بیان دیں گے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جن شرائط پر راضی نامہ ہوا ان کو ہرگز منظر عام پر نہیں لایا جائے گا۔ عائشہ احد اور حمزہ شہباز کے درمیان طے پائے جانیوالے معاملات پر معروف صحافی و تجزیہ نگار ارشد شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کسی ڈیل کا اشارہ کر دیا ہے۔ اپنے ٹویٹ میں ارشد شریف نے ’’ڈیل تھری الرٹ‘‘لکھنے کے بعد لکھا ہے کہ کوئی بھی عائشہ احد اور حمزہ شہباز کے درمیان طے پائے جانے والے معاہدے کی تفصیلات ڈسکس نہیں کر سکتا ۔ یہ ڈیل چیف جسٹس کے چیمبر میں ہوئی ہے۔ ’’انصاف زندہ باد، چیف جسٹس زندہ باد‘‘۔ واضح رہے کہ ا س سے قبل ارشد شریف نے مریم نواز کے الیکشن لڑنے کے حوالے سے بھی ن لیگ کے مقتدر حلقوں سے ڈیل کا انکشاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ مریم نواز اب الیکشن لڑیں گی کیونکہ ڈیل پا چکی ہے ۔اد رہے کہ 2جون کو حمزہ شہباز کی مبینہ اہلیہ عائشہ احد انصاف کے لیے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری پہنچ گئی تھیں۔ جس پر چیف جسٹس نے فوری نوٹس لیتے ہوئے حمزہ شہبز کوعدالت میں فوراََ حاضر ہونے کا حکم دیا تھا ۔تاہم ان کی جانب سے عدالت میں پیش نہ ہونے پر حمزہ شہباز کو طلب کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو ہدایت کی تھی کہ وہ شہباز شریف کو فون کر کے حمزہ شہباز کی پیشی کو یقینی بنائیں۔