رائے ونڈ (این این آئی )عام انتخابات سر پر آگئے ،حکومت نے بڑی شخصیت کے زبانی حکم پر اہم سرکاری ادارے میں سینکڑوں کی تعداد میں ’’سیاسی متوالوں‘‘ کی بھرتیاں شروع کردیں، تفصیلات کے مطابق اہم شخصیت کے زبانی حکم پر محکمہ تعلیم ضلع لاہور میں 500کے قریب خالی نشستوں پر سیاسی متوالوں کو بھرتی کرنے کی تیاریاں آخری مراحل میں پہنچ گئیں ،
رواں ہفتے تقررنامے جاری کئے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق سرکاری ملازمتوں پر بھرتی پر پابندی کے باجود محکمہ تعلیم ضلع لاہور کی 500کے قریب چوکیدار ،نائب قاصد،مالی،ودیگر درجہ چہارم کی نشستوں پر سیاسی متوالوں کو بھرتی کیا جارہا ہے محکمہ تعلیم افسران کو ضلع بھر کے سکولوں میں خالی نشستوں کی تفصیلات چند ماہ قبل منگوائی گئی تھیں جس پر کام مکمل ہو چکا ہے ۔ذرائع کے مطابق الیکشن میں سیاسی رشوت کے طور پر 500ملازمتیں دیکر اہم سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق نئے بھرتی ہونیوالے سیاسی کارکنان کی فہرستیں تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں رواں ہفتے اعلیٰ شخصیت کے زبانی حکم پر ملازمتیں دی جائیں گی ۔محکمہ تعلیم کے افسران نے ملک میں احتساب کا سلسلہ جاری ہونے کے بعد اس حساس معاملے پر خاموشی اختیار کرلی ہے اور کچھ افسران ایک ہفتے کی رخصت پر جا رہے ہیں تاکہ وہ اس عمل کا حصہ نہ بن سکیں ۔محکمہ تعلیم میں بھرتی کا اخبار اشتہار گزشتہ ماہ دیکر خانہ پری کی گئی تھی تاکہ انتہائی رازداری سے ملازمتیں دیکر سیاسی فضاء کو مزید بہتر بنایا جا سکے ۔