لاہور (آن لائن) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی محمود الرشید سمیت پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے حالیہ ملک دشمن بیان کیخلاف ایک مذمتی قرارداد سیکرٹری اسمبلی کے پاس جمع کروا دی ہے جس میں انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف آئین کے آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں لہٰذا ان کیخلاف آرٹیکل چھ کے تحت مقدمہ درج کر کے
انہیں گرفتار کیا جائے قرارداد میں کہاگیا ہے کہ سابق وزیراعظم نے اپنے حلف کے برخلاف بھارت نواز بیان دیکر ملک کے مستقبل کو داؤ پر لگا دیاہے مذمتی قرارداد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نے اپنے بیان میں نریندی مودی کی زبان بولتے ہوئے ان کے موقف کی تائید کی ہے اور بیان سے لگتا ہے کہ نواز شریف نے اپنا بیانیہ جاری کر کے پاکستان کو عالمی دباؤ میں لانے کی کوشش کی ہے۔ دریں اثناء سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف غداری کے مقدمہ کے اندراج کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا ہے اور عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈا پور نے نواز شریف کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے ۔ عوامی تحریک کے رہنما نے اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں وفاقی وزارت داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے. درخواست نواز شریف کے متنازعہ انٹرویو کا بنیاد بنایا گیا ہے اور نشاندہی کی گئی سابق وزیر اعظم کا متنازعہ انٹرویو ملک سلامتی کی منافی ہے۔ درخواست گزار رہنما کے مطابق نواز شریف نے بیان دیکر ملک اور قومی سلامتی کے اداروں کو بدنام کیا ہے۔ درخواست گزار نے دعوی کیا کہ نواز شریف کا بیان غداری کے مترادف ہے جو آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت قابل دست اندازی جرم ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ وفاقی وزارت داخلہ کو حکم دیا جائے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیان پر سن کے خلاف آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت مقدمہ درج کرے۔