ملتان(نیوز ڈیسک)مسلم لیگ ن کے کامیاب جلسے سے تاریخی شہر ملتان میں ماضی میں ہونے والے بڑے جلسوں کا سحرٹوٹ گیا،جمعہ کی شام کو ملتان کے تاریخی قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹڈیم میں جلسہ سے قائدمسلم لیگ ن میاں نوازشریف ،مریم نوازشریف اور جاوید ہاشمی نے بھی خطاب کیا۔آزاد ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کا جلسہ ماضی میں اسی گراونڈ میں ہونے والے دیگر سیاسی جماعتوں کے جلسوں سے کہیں بڑا تھا۔
ووٹ کو عزت دو کے نعرے پر منعقدہ جلسے میں شریک افراد کی بڑی تعداد ملتان شہرسے تعلق رکھتی تھی، پہلی بار نوجوانوں کی بڑی تعدادبھی جلسہ میں شریک ہوئی ۔ قائدمسلم لیگ ن میاں نوازشریف نے شہراولیاء میں 5سال بعد کسی بڑے عوامی جلسے سے خطاب کیا،اس سے قبل انہوں نے 2013کی انتخابی مہم کے سلسلے میں ملتان کے سپورٹس گراونڈ میں جلسہ عام سے خطاب کیا تھا،تاہم اب کی مسلم لیگ ن کی طرف سے ملتان کے قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹڈیم کا انتخاب کیا گیا جہاں ماضی میں محترمہ فاطمہ جناح،ذوالفقارعلی بھٹو،محترمہ بے نظیربھٹو،عمران خان اوربلاول بھٹوزرداری بھی بڑے عوامی جلسوں سے خطاب کرچکے ہیں۔10اکتوبر 2014کو چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم کے سلسلے میں اسی گراونڈ میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کیاتھا ،جلسے کے اختتام پربھگڈر مچنے سے 7افرادجاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔گزشتہ برس 15دسمبرکو چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری اورآصف علی زرداری نے یہاں جلسے سے خطاب کیاتھا جس میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی تھی ۔آزاد ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کا جمعہ کو ہونے والا جلسہ اسی اسٹڈیم میں ہونے والے ماضی کے جلسوں سے کہیں بڑاثابت ہوا۔مسلم لیگ ن کے مقامی پارٹی رہنما ،اراکین اسمبلی اورٹکٹ ہولڈرزبھرپورتشہیری مہم کے ذریعے شہرکا ماحول بنانے میں کامیاب رہے۔