اسلام آباد (سی پی پی )الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی ابرار حسین تنولی کو نااہل قرار دے دیا۔جماعت اسلامی کے رہنما ابرار حسین تنولی کو پارٹی وفاداری تبدیل کرنے پر نا اہل قرار دیا گیا ہے، ان کے خلاف قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے پہلے سے محفوظ کیا گیا فیصلہ جمعرات کوسنایا ۔ابرار حسین تنولی 2013 کے الیکشن میں قومی وطن پارٹی کے ٹکٹ پر
رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے اور اتحادی حکومت میں جنگلات کے وزیر بنے، انہیں حکومت کے ابتدائی دنوں میں ہی وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کرپشن الزامات پر برطرف کردیا تھا ، ان کے علاوہ قومی وطن پارٹی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر بخت بیدار خان کو بھی عہدے سے ہٹادیا گیا تھا۔ابرار حسین تنولی نے رواں سال 12 فروری کو جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کرلی تھی جس کے بعد آفتاب شیر پاؤ نے ان کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا۔