لاہور( این این آئی)سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی رہائشگاہ جاتی امراء رائے ونڈ میں میلاد شریف کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر قران پاک کی تلاوت کی گئی اورمعرو ف نعت خواہوں نے حمد و ثناء پیش کی ۔میلاد شریف میںملک و قوم کی سلامتی اور بیگم کلثوم نواز کی جلد صحتیابی کیلئے اجتماع دعا بھی کرائی گئی ۔ علاوہ ازیں نواز شریف نے جاتی امراء میں نماز جمعہ ادا کی اور بعد ازاں نمازیوںمیں گھل مل گئے۔
نواز شریف نے اپنے والد میاں محمد شریف کی قبر پر بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نواز شریف نے کارکنوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی ہمارے راستے میں روکاٹیں پیدا کی گئیں ، پہلے بھی رکاوٹوں سے خوف زدہ نہیں ہوئے اور نہ آج ہو نگے بلکہ حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کارکنان متحدہ رہیں، عوامی رابطہ مہم میں انہیں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ مخالفین جو ہمارے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، ان سے گھبرانے والے نہیں، ماضی میں جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا اور اب بھی کریں گے۔