اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے لیے نامزد حکمراں جماعت کے امیدوار شاہد خاقان عباسی کامیاب تو ہو گئے ہیں مگر ان کا کردار ماضی میں مختصر مدت کے لیے بننے والے وزیراعظم چودھری شجاعت سے مختلف نہ ہوگا۔شاہد خاقان، شہباز شریف کو وہ وقت فراہم کریں گے جو چودھری شجاعت نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز کو فراہم کیا تھا۔حکومت کی اتحادیوں کے ساتھ مشترکہ امیدوار لانے کی کامیاب حکمت عملی کے بعد
صورتحال خاصی واضح ہے۔چودھری شجاعت کو اس وقت کے صدر پرویز مشرف نے وزیراعظم ظفراللہ جمالی کوعہدے سے ہٹانے اور شوکت عزیز کو وزیراعظم بنانے کے درمیان وقتی طور پر قائد ایوان بنایا تھا۔نوازشریف کو نااہل کیے جانے کے بعد مسلم لیگ ن نے میاں شہبازشریف کو وزیراعظم نامزد کیا ہے جس کی تکمیل کے لیے وقت درکار ہے۔شہبازشریف کے رکن قومی اسمبلی بننے کے لیے تقریبا 45 روز کے لگ بھگ عرصہ درکار ہے۔