اسلام آباد(آئی این پی )سینیٹ کی خصوصی کمیٹی برائے کے پی کے ڈیمانڈز نے خیبرپختونخوا کے 24مطالبات کی حتمی منظوری دے دی ، کمیٹی کی رپورٹ ایوان سے منظوری کیلئیے سینیٹ سیکرٹریٹ کو بھجوادی، جن صوبائی مطالبات کی منظوری دی گئی ،ان میں کے پی کے کو پن بجلی کے منافع کی فراہمی سمیت گیس سرچاج میں حصہ اور ٹرانزٹ میں سروس کیلئے اراضی کی فراہمی
شامل ہے ۔پیر کو خصوصی کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین مظفر حسین شاہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا ، صرف دو سینیٹرز نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ متعلقہ وزارء میں سے کسی وزیر نے اجلاس میں شرکت نہ کی۔ کمیٹی نے اتفاق رائے سے کے پی کے کے 24مطالبات کی منظوری دی ۔ کمیٹی کے سربراہ مظفر شاہ نے کہا قواعد کے تحت اگر متعلقہ وزارتوں کی جانب سے 2ماہ کے اندر کوئی اعتراض سامنے نہ آیا تو کمیٹی کی سفارشات نافذ العمل ہوجائیں گی۔رحمان ملک نے کہا کہ تمام سفارشات آئندہ بجٹ کا حصہ ہونی چاہئیں۔