پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوااسمبلی نے وزیراعلیٰ سمیت وزراء،سپیکر اوراراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دیدی، جس کے تحت اب وزیراعلیٰ کی مراعات والاؤنسزکے بغیربنیادی تنخواہ دو لاکھ ،وزراءایک لاکھ 80 ہزار،اراکین اسمبلی کی 80 ہزار، سپیکرایک لاکھ 50 ہزاراورڈپٹی سپیکرکی تنخواہ ایک لاکھ 45 ہزارروپے ہوگی ۔ صوبائی وزیرقانون امتیازشاہد قریشی نے
اراکین اسمبلی اور وزراءکی تنخواہوں سے متعلق بل کو پیش کیا ۔ تاہم کسی نے بل کی مخالفت نہیں کی ۔ نئے ترامیم کے تحت اراکین اسمبلی کی بنیادی تنخواہ 18 سے بڑھاکر80 ہزارروپے کردی گئی۔ سپیکر کی تنخواہ 80 ہزارسے بڑھاکر 1 لاکھ پچاس اورڈپٹی سپیکر کی تنخواہ 45 سے بڑھاکرایک لاکھ 45 ہزار کی گئی ۔ صوبائی وزیر کی بنیادی تنخواہ 35 ہزارسے بڑھاکرایک لاکھ 80 ہزاراوروزیراعلیٰ کی تنخواہ 45 سے بڑھاکردولاکھ روپے کردی گئی ۔حیران کن امریہ ہے کہ تمام اراکین اسمبلی ، وزراء، مشیروں ، سپیکروڈپٹی سپیکرسمیت تنخواہوں میں اضافہ یکم جولائی 2016 سے تصور ہوگا اورانہیں بقایاجات کی ادائیگی بھی کی جائے گی۔ تنخواہوں میں اضافے کے علاوہ تمام اراکین اسمبلی وکابینہ کے اراکین کو ہاؤس رینٹ ، میڈیکل اور دیگرمراعات بھی حاصل ہونگی ۔ محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق اراکین اسمبلی اب ایک لاکھ 7 ہزارکے بجائے تقریباًایک لاکھ 80 کی ماہانہ وصولی کرینگے۔ وزراء کی تنخواہ مراعات سمیت چارلاکھ کے قریب ہوگی جبکہ وزیراعلیٰ پانچ لاکھ سے زائد کی ماہانہ تنخواہ اور مراعات کی مد میں وصول کریگا اسی طرح سپیکروڈپٹی سپیکر کے مراعات وتنخواہ بھی چارلاکھ سے اوپرہوگی ۔ خیبرپختونخوااسمبلی نے دوسری مرتبہ تنخواہوں میں اضافہ کیاہے ۔