دبئی(این این آئی) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہاہے کہ میرے دور میں عشرت العباد اچھے گورنر اور مصطفی کمال اچھے ناظم ثابت ہوئے دونوں نے بہت اچھے کام کئے۔ایک انٹرویومیں پرویز مشرف نے کہاکہ ایم کیو ایم کی قیادت سنبھالنے کی خبر درست نہیں ہے ایم کیو ایم اور اس کے رہنما اتنے بدنام ہو چکے ہیں کہ اس سے تعلق کا سوچا بھی نہیں جا سکتا ٗمیرے متعلق ایم کیو ایم کی بحالی بھی اب ممکن نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے کہاکہ میرے دور میں مسئلہ کشمیر حل کے قریب پہنچ چکا تھا اور بھارت کشمیر سے فوج کے انخلا پر تیار ہوگیا تھا، من موہن سنگھ سے سیاچن کے مسئلے پر بھی بات ہوگئی تھی۔انگریزی اخبار کی متنازعہ خبر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل پرویز مشرف نے کہاکہ موجودہ حکومت سازشوں کی ماہر ہے۔ اس خبر کو لیک کرنے والے کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے تاہم صحافی کے خلاف کاروائی درست نہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت لشکر طیبہ کو بدنام کر رہا ہے مجاہدین خود لڑنے کشمیر جاتے تھے حکومت یا فوج انہیں نہیں بھیجتی، یہ مجاہدین مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔