کراچی (این این آئی)سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی صاحبزادیوں بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے جمعہ کو لیاری کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری شاہ ولی اللہ روڈ اور اطراف کے علاقے میں گئیں ،جہاں عوام کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا ۔ان کی آمد کے موقع پر علاقہ مکینوں نے جئے بھٹو ،جئے بے نظیر بھٹو اور جئے بلاول بھٹو کے نعرے لگائے ۔بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے علاقے میں صفائی کی صورت حال کا جائزہ لیا اور علاقے کے لوگوں سے ان کے مسائل معلوم کیے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ لیاری شہید بھٹو اور پیپلزپارٹی کا قلعہ ہے ۔لیاری کے عوام نے ہمیشہ جمہوریت کی بحالی کے لیے قربانیاں دی ہیں ۔پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی ترجیح ہے کہ لیاری کے مسائل کو جامع منصوبہ بندی کے تحت حل کیا جائے ۔آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ سندھ حکومت سے بات کریں گی کہ وہ پورے صوبے میں صفائی مہم شروع کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ جلد سندھ صفائی مہم کا آغاز کیا جائے گا اور آج کا دورہ اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔آصفہ بھٹو نے علاقہ مکینوں کی جانب سے لگائے گئے نعروں کا بھی جواب دیا ۔اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے تھے ۔