اسلام آباد(آئی این پی)تحریک انصاف فاؤنڈر گروپ عید الاضحی کے بعد عوامی رابطہ مہم اور تنظیم سازی کا آغاز کرے گا ۔ مہنگائی اور کرپشن کے خلاف احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ فیصلے پاکستان تحریک انصاف فاؤنڈر گروپ کے مرکزی رکن جاوید انتظار کی زیر صدارت اسلام آباد رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کئے گئے ۔ اجلاس میں یاسر نسیم خان ، محمود خان ، جاوید اقبال محسود ، عبدالرزاق ، محمد فضل و دیگر کارکنان نے شرکت کی ۔ جاوید انتظار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کا اژدھا قوم کے اخلاق و کردار کو نگل رہا ہے ۔ کرپشن معاشرے کے وجود میں سرایت کر چکی ہے ۔ نواز حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے ۔ فاؤنڈر گروپ حکومتی ناقص کارکردگی اور لوکل گورنمنٹ اسلام آباد کی مسائل سے چشم پوشی پر خاموش نہیں بیٹھے گا ۔ تحریک انصاف کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد ہمارے ساتھ شامل ہو چکی ہے ۔