لاہور(آئی این پی)لاہور ہائیکورٹ میں اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے اور پانامہ پیپرز سے متعلقہ ریکارڈ عدالتی تحویل میں لینے کیلئے درخواست دائر کر دی گئی۔جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کے تحت معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے مگر اس کے باوجود معلوماتی کمیشن اورنج ٹرین اور پانامہ پیپرز سے متعلقہ کوئی بھی معلومات فراہم نہیں کر رہا۔حکومت پنجاب کے سابق ریکارڈ کی روشنی میں اورنج لائن ٹرین منصوبے اور پانامہ پیپرز سے متعلقہ تمام ریکارڈ،معاہدہ جات کی تفصیلات،کنٹریکٹرز سے متعلقہ ریکارڈ،،تخمینہ جات اور منصوبے میں استعمال ہونے والے تعمیراتی میٹریل کے معیار سے متعلق تمام دستاویزات اور نیب میں موجود مقدمات کا ریکارڈ عدالتی تحویل میں لینے کے احکامات صادر کئے جائیں۔