راجن پور/راولپنڈی(این این آئی)سیکیورٹی فورسز نے پنجاب اور بلوچستان کے بارڈر پر کومبنگ آپریشن کے دوران 4 دہشتگردوں کو ہلاک اور متعدد کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود قبضے میں لے لیا ٗ فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار نے جام شہادت نوش کیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع راجن پور کے علاقے گیاندری میں کومبنگ آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک ٗ متعدد دہشت گردوں اور فراریوں کو گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران ایک سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگیا نجی ٹی وی کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے گذشتہ روز مبینہ دہشت گردوں کی ریکی کی تھی اور صبح 10 بجے 6 ہیلی کاپٹرز کی مدد سے ان کے ٹھکانوں پر شیلنگ کی گئی۔