اسلام آباد(مانیٹرینگ ڈیسک)قومی ادارہ برائے اعداد وشماریعنی نادرا نے رحیم یار خان کے 35 سالہ شخص کے کوائف میں ایسی بھیانک غلطی کر ڈالی کہ نوجوان نہ تو کہیں نوکری کے قابل رہا اور نہ ہی کسی سرکاری دفتر میں اس کی شنوائی ہوتی ہے۔
رحیم یار خان کے رہائشی نصیر احمد ولد نذیر احمد کے شناختی کارڈ پر اس کی عمر 116 برس درج کر دی گئی جبکہ اس کے والد کی تاریخ پیدائش 1960 درج ہے۔ مزید ستم ظریفی یہ کہ ادارہ کے اہلکاران اپنی غلطی تسلیم کرنے سے انکاری ہیں اور متاثرہ شخص کی کسی بھی قسم کی مدد کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ محمد نصیر کا کہنا ہے کہ عمر 116 سال درج ہونے کی وجہ سے نہ تو وہ کسی سرکاری نوکری کے لئے اپلائی کر سکتا ہے اور نہ ہی کسی دفتر میں اس کی شنوائی ہوتی ہے ۔
اس نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ نادرا کی جانب سے کی جانے والی اس سنگین غلطی کا ازالہ کیا جائے۔