اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ہنگامہ خیز اجلاس پیر کو ہوں گے،سینیٹ میں اپوزیشن کا پانامہ انکوائری بل ایجنڈے پر نہ آسکا جس کی وجہ سے اپوزیشن کابل عید کے بعد منظوری کیلئے پیش کیا جائیگا ،سینیٹ میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی بلوچستان اور گلگت بلتستان کے حوالے سے بیان اور سانحہ کوئٹہ کیخلاف قرار داد پیش کی جائے گی ۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس 2روزہ وقفے کے بعدپیر کو شام 5بجے سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہو گا،جبکہ سینیٹ کا اجلاس ڈپٹی چیئر مین عبدالغفور حیدری کی زیر صدارت سہ پہر3بجے شروع ہوگا،سینیٹ میں پرائیوٹ ممبر ڈے کے موقع پر حیران کن طور پر اپوزیشن کی جانب سے جمع کروایا گیا بل پانامہ انکوائری بل ایجنڈے میں شامل نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے اپوزیشن کا بل عید کے بعد ایوان بالا میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا،ایجنڈے کے مطابق تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی 16اور ایم کیو ایم کے سینیٹر میاں عتیق شیخ2بل منظوری کیلئے پیش کریں گے،ایجنڈے کے مطابق سینیٹر سحر کامران سانحہ کوئٹہ اور سینیٹر محسن عزیز بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی بلوچستان اور گلگت بلتستان کے حوالے سے بیان کیخلاف قرار داد پیش کریں گے۔