اسلام آباد (نیوز ڈیسک) واشنگٹن: امریکی جریدے فارن پالیسی نے اپنی تازہ رپورٹ میں پاکستان کے معدنی ذخائر کو عالمی سطح پر غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دے دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے پاس موجود معدنی وسائل اعلیٰ معیار کے ہیں اور یہ ذخائر تقریباً 2 لاکھ 30 ہزار مربع میل کے رقبے پر پھیلے ہوئے ہیں — جو برطانیہ کے کل رقبے سے تقریباً دو گنا زیادہ ہے۔
جریدے کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان اپنے معدنی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دے تو ملک کو نہ صرف معاشی بلکہ سماجی طور پر بھی بڑے فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔
فارن پالیسی کے مطابق حکومتِ پاکستان نے معدنی وسائل سے زیادہ سے زیادہ استفادے کے لیے “قومی معدنی پالیسی 2025” تشکیل دی ہے۔ اس پالیسی کے تحت حاصل ہونے والے فوائد ملک کے مختلف حصوں، خاص طور پر بلوچستان کے عوام تک پہنچنے کی توقع ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ معدنی ذخائر کے مؤثر استعمال سے پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور سماجی و معاشی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔