لاہور (آن لائن) ماہرین فلکیات اور محکمہ موسمیات کے مطابق اس بار ذویقعدہ کا مہینہ 30 دنوں پر مشتمل ہوگا۔ اس لئے آج ذوالحج کا چاند نظر آنا ممکن نہیں جبکہ یہ چاند کل بروز ہفتہ کی شام کو نظرآنے کا امکان ہے۔ نیا چاند گزشتہ روز دوپہر دو پجے پیدا ہوا جسے دنیا بھر میں کہیں دیکھا نہ جا سکا۔ تاہم آج شام نئے چاند کی عمر 28 گھنٹے 45 منٹ ہوگی جبکہ چاند نظر آنے کے لئے اس کا لیگ ٹائم کم از کم 50 منٹ ہونا ضروری ہے۔ اس لئے یکم ذوالحج 4ستمبر بروز اتوار ہوگی جس کے باعث فرزندان اسلام 13ستمبر بروز منگل کو عیدالاضحی منائیں گے۔ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا جبکہ زونل سطح پر قائم رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس کی آج بعد نماز مغرب اپنے مقررہ مقامات پر منعقد ہوں گے۔ لاہور میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ایوان اوقاف میں منعقد ہوگا جبکہ چاند دیکھنے کی شہادتوں کی وصولی اور ان کی تصدیق سمیت رویت ہلال کمیٹیوں کے ارکان کی جانب سے چاند دیکھے جانے کے بعد اْن کا میڈیا کے ذریعے باقاعدہ اعلان کیا جائے گا