راولپنڈی (این این آئی)راولپنڈی کی مقامی عدالت نے امریکی شہری میتھیو بیرٹ کو ملک بدر کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ امریکی شہری میتھیو بیرٹ کو ملک بدر کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت راولپنڈی کے ڈیوٹی جج ایاز رفیق لون نے کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے ملزم کو ڈی پورٹ کرنے سے متعلق وزارت داخلہ کا حکم نامہ طلب کیا جس پر ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے موقف اختیارکیا کہ وزارت داخلہ کے حکم نامہ کی اصل کاپی موجود نہیں۔عدالت کا تفتیشی افسر کی سرزنش کرتے ہوئے کہاکہ آپ کیسے تفتیشی آفیسر ہیں جنہیں یہ بھی نہیں پتہ کہ عدالت میں اصل کاغذات لائے جاتے ہیں۔ اصل حکم نامہ موجود نہ ہونے پر عدالت نے میتھیو بیرٹ کو ملک بدر کرنے کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے حکم دیا کہ (آج) جمعرات کو وزارت داخلہ کا اصل حکم نامہ پیش کریں ٗ تب ملزم کو ڈی پورٹ کرنے کا حکم دیں گے ۔