کراچی (این این آئی) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے حیدرآباداورمیرپورخاص کے لئے میئر، ڈپٹی میئر، میونسپل کمیٹی کے چیئرمین اوروائس چیئرمین کے امیدواروں کے ناموں کوحتمی شکل دیدی ہے۔ رابطہ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق ایم کیوایم کی جانب سے طیب حسین حیدرآبادکے میئراورسہیل مشہدی ڈپٹی میئرکے امیدوارہوں گے ۔ جبکہ ایم کیوایم کی جانب سے میرپورخاص میونسپل کمیٹی کے چیئرمین کے لئے فاروق جمیل درانی اوروائس چیئرمین کے لئے فرید احمدامیدوارہوں گے ۔ واضح رہے کہ طیب حسین حیدرآباد سے رکن قومی اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں اوراس وقت ایم کیوایم حیدرآبادکے فنانس سیکریٹری کے عہدے پرفائز ہیں جبکہ سہیل مشہدی کاشمارایم کیوایم کے سینئرکارکنوں میں ہوتاہے اوروہ حیدرآبادسے صوبائی اسمبلی کے رکن اور صوبائی وزیررہ چکے ہیں اوران دنوں ایم کیوایم حیدرآباد کی زونل کمیٹی کے رکن ہیں۔ فاروق جمیل درانی ایم کیوایم میرپورخاص کے سینئرکارکن اوران دنوں میرپورخاص کی زونل کمیٹی کے رکن ہیں جبکہ فرید احمد میرپورخاص سے صوبائی اسمبلی کے رکن اورزونل انچارج رہ چکے ہیں اوران دنوں میرپورخاص کی زونل کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے تنظیمی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ دریں اثناء قائدتحریک الطاف حسین نے حیدرآباد اورمیرپورخاص کے میئر، ڈپٹی میئر، میونسپل کمیٹی کے چیئرمین اوروائس چیئرمین کے امیدواروں کے ناموں کی توثیق کردی ہے ۔