اسلام آباد(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کے مسئلے پر حکومت مخالف تحریک چلانے کے سوا اب اور کوئی راستہ موجود نہیں ۔ایک انٹرویو میں اعتزاز احسن نے کہاکہ پاناما لیکس کے احتساب کیلئے ناتو حکومت کوئی قانون بنانا چاہتی ہیاور ناہی وہ اپنا احتساب چاہتی ہے ۔اس سوال پر کہ اگر پیپلز پارٹی تحریک چلانے پر غور کررہی ہے تو کیا پھر بلاول اور عمران خان ایک ہی کنٹینر پر نظر آئیں گے ؟ اعتزاز احسن نے کہاکہ ایسا شاید ممکن نہ ہو ٗ لیکن چونکہ اب کوئی راستہ ہی موجود نہیں تو ہماری جماعت بھی سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کریگی۔انہوں نے کہاکہ جب تحریکیں چلیں اور مقصد ایک ہی ہو تو راستے مل سکتے ہیں۔جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا یہ ممکنہ تحریک حکومت مخالف ہوگی یا پھر چوہدری نثار کے پیپلز پارٹی کیلئے نامناسب رویے کے خلاف ؟ تو پی پی رہنما نے کہاکہ چوہدری نثار علی خان کی اس معاملے میں اتنی اہمیت نہیں کیونکہ پاناما لیکس میں نام تو وزیراعظم کے خاندان کا شامل ہے ۔انھوں نے کہا کہ وہ اپنی جماعت کو مسلم لیگ نثار بنانے کی جتنی بھی کوشش کریں لیکن حکومت تو مسلم لیگ (ن) کی ہی ہے۔اعتزاز احسن نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کی تحریک مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کے خلاف ہوگی۔