کراچی (این این آئی)صوبائی وزیر برائے معدنی ترقی و کانکنی منظور وسان نے کہاہے کہ انتخابات ایک دو ماہ پہلے ہوسکتے ہیں ٗ پیپلز پارٹی کے ووٹ میں اضافہ ہورہاہے ٗ 2018ء پیپلزپارٹی کی جیت کا سال ہوگا۔سندھ سیکریٹریٹ کے باہر میڈیا سے اپنے خواب کا اظہار کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے نیا خواب دیکھ لیا ہے کہ انتخابات ایک دو ماہ پہلے ہوسکتے ہیں۔پاکستان بھر میں پیپلز پارٹی کے ووٹ میں اضافہ ہو رہا ہے اور 2018ء پیپلزپارٹی کی جیت کا سال ہوگا۔پنجاب میں پیپلز پارٹی کو موقع ملا تو سندھ کی طرح ترقی دلائیں گے۔انہو ں نے چوہدری نثار کے حوالے سے کہا کہ ناجانے وہ کس کے اشارے پر کام کر رہے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ چوہدری نثار رات کو محبت، دن میں نفرت کرتے ہیں ٗہم لائن سے نہیں اترے ،یہ کام تو چوہدریوں کا ہے، انہیں نہیں لگتا چوہدری صاحب میاں صاحب سے محبت کرتے ہیں۔منظور وسان نے کہا کہ سید مراد علی شاہ کے وزیراعلیٰ بننے پر دیگر صوبوں کے لوگ حیران ہیں۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا سے فون آرہے ہیں کہ سندھ میں کیسے تبدیلی آگئی ٗوزیراعلیٰ متحرک ہو جائیں تو وزراء بھی متحرک ہو جاتے ہیں۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے کہاکہ کے 4 منصوبے سے میٹھا پانی آئیگا اور پیار محبت ملے گی۔