پشاور(نیوز ڈیسک)پاک فضائیہ کے رہائشی کیمپ پر دہشتگرد حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کر لیا گیا ہے،مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے ،مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشتگردی کے مطابق بڈھ بیر کیمپ پر حملے کا مقدمہ درج کرانے کیلئے پاک فضائیہ کامراسلہ موصول ہوا۔ مراسلہ میں کہا گیا تھا کہ بڈھ بیر کیمپ پر حملے کا مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کیا جائے۔محکمہ انسداد دہشتگردی حکام کے مطابق ایف آئی آر میں دہشتگردی اور قتل و اقدام قتل کی دفعات لگائی گئی ہیں۔ تفتیشی ٹیموں نے انقلاب روڈ پر واقع رہائشی علاقے کے کئی افراد کے بیانات قلمبند کرلئے ہیں۔ انقلاب روڈ، بڈھ بیر، متنی سمیت دیگرعلاقوں میں درجنوں مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔