ساہیوال(نیوزڈیسک) مشہور بینک سامبا کی جعلی برانچ کا سراغ لگا کر 6 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ مالک فرار، لوگوں کو گمراہ کر کے ان سے لاکھوں روپیہ لوٹا جا رہا تھا۔ ایف۔آئی۔اے لاہور کو خفیہ اطلاع ملی کے ساہیوال میں سامبا بینک کی جعلی برانچ قائم کی گئی ہے جس کا بینک سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی سٹیٹ بینک اس کی تصدیق کر رہا ہے۔ اس پر ایف۔آئی۔اے لاہور کی ٹیم نے ساہیوال آ کر بینک میں موجود سٹاف کو جانچ پڑتال کے بعد حراست میں لے لیا جبکہ اصل ملزم کاشف فرار ہو گیا۔ اب تک کی تحقیق کے مطابق اس بینک کے 13 اکاؤنٹس میں پیسہ جمع کروایا گیا ہے۔ لوگوں کو کار لون اور گھر کے لون کے لئے بھی ترغیب دی جا رہی تھی لیکن چیک بک سے لیکر بروشرز تک سب جعلی تھا۔ اس بینک کی سجاوٹ پر بھی بہت پیسہ لگایا گیا ہے اور انتہائی منظم طریقے سے جعلسازی کی گئی ہے۔ ایف۔آئی۔اے کی بر وقت کارروائی سے لوگ کسی بڑے نقصان سے بچ گئے۔ ایف۔آئی۔اے نے کمپیوٹرز سمیت سارا ریکارڈ قبضے میں لیکر بینک کو سیل کر دیا ہے۔