اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سینیٹر رحمان ملک نے دہشت گردی کے خلاف ملک میں جاری اقدامات پر حکومت کی جانب سے ان کیمرہ بریفنگ کا مطالبہ کر تے ہو ئے کہاکہ ملک میں داعش‘ طالبان اور لشکر جھنگوی کا ٹرائیکا بن چکا ہے جو ملک میں دہشت گردی کر سکتے ہیں حکومت اور ایوان کو خبردار کرنا چاہتا ہوں۔ ایوا ن بالا کے اجلاس میں انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے حکومت دہشت گردی کے معاملات سے غلط انداز میں نمٹ رہی ہے اس وقت ہم اندرونی اور بیرونی خطرات سے دو چار ہیں داعش‘ طالبان اور لشکر جھنگوی کا ٹرائیکا بن چکا ہے جو ملک میں مزید حالات خراب کر سکتے ہیں میں حکومت اور ایوان کو خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ اس خطرے سے نمٹنے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم پاکستان اقوام متحدہ جانے سے پہلے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہندوستان وزیراعظم نریندرا مودی کی جانب سے پاکستان کو توڑنے کے اعتراف کو پوری دنیا میں سفارتی انداز سے پیش کیا جائے تاکہ دنیا بھارت کے خوفناک عزائم سے واقف ہو سکے۔