پشاور(نیوزڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ایم این اے مراد سعید جعلی ڈگری کے باوجود قومی اسمبلی کے ممبر ہیں جو تحریک انصاف کے کردار پر بد نما داغ ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے باچا خان مرکز پشاور میں پختون ایس ایف کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے تاج وزیر کی قیادت میں ان سے ملاقات کی ، وفد نے ہارون بشیر بلور کو پی ٹی آئی کے ایم این اے مراد سعید کی جعلی ڈگری کے حوالے سے کی جانے والی تنظیم کی کوششوں سے آگاہ کیا،پارٹی ترجمان نے پختون ایس ایف کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے کرپشن فری اور نئے پاکستان کے دعوو ¿ں کی قلعی کھل کر سامنے آگئی ہے اور جعلی ڈگری ہولڈر ان کے ایم این اے تاحال قومی اسمبلی کے رکن ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے نئے پاکستان اور تبدیلی کا جو نعرہ لگایا وہ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے کافی ہے ،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست جھوٹ اور منافقت پر مبنی ہے جبکہ اس جماعت نے عوام کے مینڈیٹ کی توہین کی ہے ،انہوں نے کہا کہ اے این پی کی تعلیم ، صحت ،روزگار اور صوبہ کے حقوق کے حوالے سے کارکردگی اپنی مثال آپ ہے،اور یہی وجہ ہے کہ آج عوام صوبائی حکومت کی کارکردگی سے متنفر ہو چکے ہیں ، ہارون بشیر بلور نے گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی سے مطالبہ کیا کہ چانسلر ہونے کے ناطے وہ اس کیس کے حوالے سے تحقیقات کرائیں انہوں نے کہا کہ مراد سعید کی جعلی ڈگری کیس میں ملوث افسران کے خلاف کاروائی کی جائے تا کہ تعلیم جیسے مقدس شعبے کو اس ناسور سے پاک کیا جا سکے ، انہوں نے الیکشن کمیشن سے بھی مطالبہ کیا کہ جعلی ڈگری رکھنے والے مراد سعید کو نا اہل قرار دیا جائے ۔