اسلام آباد (نیوزڈیسک) سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے متعلقہ انضباطی قوا نین پر عمل درآمد نہ کرنے کے پیشنظر تیئس (23) انٹر نیشنل این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ یہ این جی اوز معتدد بار انتباہ کے باوجود اپنے سالانہ آڈٹ شدہ گوشوارے جمع کروانے میں ناکام رہیں۔ ایس ای سی پی نے مقامی این جی اوز کی سرگرمیوں اور گوشواروں کی جانچ پڑتال کے بعد انٹر نیشنل این جی اوز کے گوشواروں کی چھان بین کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں تمام ایسی انٹر نیشنل این جی اوز کو نوٹس جاری کئے گئے جو کہ اپنے سا لانہ گوشوارے اور اکاﺅنٹ جمع نہیں کروا رہی تھیں۔ این جی اوز کی جانب سے نوٹس کے جوابات اور ایس ای سی پی کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد قانون کے مطابق تعمیل (compliance) نہ کرنے والی این جی اوز کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ایس ای سی پی میں کمپنیز آرڈیننس مجریہ انیس سو چوراسی (1984) کے تحت کل تینتیس (33) انٹر نیشنل این جی اوز رجسٹر ہیں ۔ ان میں سے تیئس (23) قانون کے مطابق گوشوارے جمع نہیں کروا رہیں۔ ایس ای سی پی نے آرڈیننس کی دفعہ چار سو انتالیس (439) کے تحت ان کمپنیوںکے نام رجسٹر سے خارج کرنے کی کارروائی کی منظوری دے دی ہے۔ متعلقہ این جی اوز کی فہرست حکومت پاکستان کے اکنامک افئیرز ڈویژ ن اور وزارت داخلہ کو بھی ضروری قانونی کارروائی کے لئے فراہم کر دی گئی ہے۔