لاہور ( نیوزڈیسک)سپین کی سب سے بڑی پبلک سیکٹر ریسرچ باڈی کی جانب سے دنیا بھر کی 20 ہزار سے زائد یونیورسٹیوں کی نئی رینکنگ لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔ جس میں پنجاب یونیورسٹی پاکستان میں پہلے نمبر جبکہ جنوبی ایشیاءمیں پندرھویں نمبر پر آگئی ہے جو کہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ رینکنگ کے مطابق پاکستان میں دوسری پوزیشن آغا خان یونیورسٹی اور تیسری پوزیشن نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے حاصل کی ہے۔ ویبومیٹرکس رینکنگ آف ورلڈ یونیورسٹیز کے تحت ہر سال دنیا بھر کی بیس ہزار سے زائد یونیورسٹیوں کی رینکنگ کی جاتی ہے اور اس ادارے کے 126 سنٹرز ہیں۔ نئی جاری کردہ رینکنگ کے تحت دنیا بھر کی 20ہزار سے زائد یونیورسٹیوں کی رینکنگ میں پنجاب یونیورسٹی 1899 نمبر پر ہے اور یوں اس کا شمار دنیا کی اعلیٰ ترین 10 فیصد یونیورسٹیوں میں ہو گیا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسن مبین عالم، سیکرٹری ڈاکٹر محبوب حسین اور دیگر عہدیداران نے اس کامیابی پر وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کی رینکنگ میں بہتری ڈاکٹر مجاہد کامران کی جانب سے تحقیق کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات کی بدولت آئی ہے جس پر انتظامیہ اور اساتذہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔