اسلام آباد(نیوزڈیسک) سینیٹ میں جے یو آئی ف کے سینیٹر طلحہ محمود نے انکشاف کیا کہ بیت المال کے دو ارب روپے کے فنڈ میں 80 کروڑ روپیہ ان کا ذاتی خرچ ہے، فنڈز دگنے کئے گئے ہیں، اس کا فائدہ نہیں جب تک نظام کو ٹھیک نہیں کیا جائیگا ۔ منگل کو سینیٹ کے اجلاس میں بجٹ بحث کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ حکومت نے بیت المال کے فنڈز دگنا کر دیئے ہیں ، دو ارب سے بڑھا کر چار ارب روپے تک رقم بجٹ میں مختص کی گئی ہے گزشتہ سال بیت المال کے دو ارب روپے کی گرانٹ میں چالیس فیصد ان کا اپنا ذاتی خرچ تھا یعنی کے دو ارب کی گرانٹ میں انہوں نے اسی کروڑ روپے ذاتی اخراجات کی مد میں خرچ کئے، اب حکومت نے چار ارب روپے کی رقم مختص کی ہے جس میں ایک ارب ساٹھ کروڑ ان کا ذاتی خرچ ہوگا، غریب آدمی کو کیا فائدہ ہوگا۔ بیت المال نے 120 کروڑ خرچ کرنے کیلئے 80 کروڑ خرچ کر ڈالے اب آئندہ بجٹ میں 240 کروڑ خرچ کرنے کیلئے 160 کروڑ اپنے اوپر خرچ کریں گے ۔ حکومت اس نظام کو بہتر کرے تاکہ مستحقین تک زیادہ سے زیادہ امداد پہنچ سکے