لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے معاشی، اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
ایوان وزیراعلیٰ لاہور میں چینی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے ملاقات کی، اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی صورت حال اور ملک میں چین کے تعاون سے جاری منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران چینی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کو اپنا بھائی سمجھتا اور پاکستان کی قیادت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا انتہائی بااعتماد دوست ہے، پاک چین دوستی ہر کسوٹی پر پورا اتری ہے، چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں پاک چین تعلقات کے نئے باب کھلے ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے معاشی، اقتصادی اورتجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔