اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ میں مشرف غداری کیس کیلئے خصوصی عدالت کو کام سے روکنے کا عدالت عالیہ کا فیصلہ چیلنج کر دیا گیا‘رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے اپیل پر اعتراضات لگا کر درخواست واپس کر دی اپیل نامکمل ہے، مکمل کر کے دوبارہ دائر کی جائے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو مشرف غداری کیس کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم امتناع سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ درخواست ایڈووکیٹ توفیق آصف کی طرف سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ فریقین نے خصوصی عدالت کا 21نومبر کا فیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا، جس پر ہائی کورٹ نے 23دسمبر کو غداری کیس کی کارروائی روکنے کا حکم دیا تھا۔عدالت کے حکم امتناع کے باعث کیس کی کارروائی روکی ہوئی ہے ۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ ہائی کورٹ کا حکم امتنا ع کالعدم قرار دیا جائے تا کہ کیس چل سکے۔بعد ازاں سنگین غداری کیس سے متعلق اپیل پر اعتراضات لگا کر واپس کر دی گئی، سپریم کورٹ رجسٹرار آفس ذرائع کے مطابق اپیل کے ہمراہ ہائی کورٹ کے حکم امتناع کی مصدقہ نقل منسلک نہیں، اپیل کے ساتھ خصوصی عدالت 21 نومبر کے فیصلے کی نقل بھی منسلک نہیں ہے، درخواست کو مکمل کر کے اپیل دوبارہ دائر کی جائے۔