اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )38 بیویوں اور 89 بچوں پر مشتمل دنیا کے سب سے بڑے خاندان کے سربراہ کا انتقال ہو گیا ہے۔ ان کا انتقال اتوار کے دن بھارتی ریاست کے ایک نجی اسپتال میں ہوا ہے۔بھارت کے مؤقر انگریزی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق بھارتی ریاست میزورام میں
رہائس پذیر دنیا کے سب سے بڑے خاندان کے سربراہ زیونا چنا کا انتقال ہو گیا ہے۔ وہ ہائی بلڈ پریشر اور شوگر کے مریض تھے۔نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق76 سالہ زیونا چنا کو عالمی سطح پر بھی دنیا کے سب سے بڑے خاندان کا سربراہ مانا جاتا تھا۔ان کی 38 بیویاں، 89 بچے اور درجنوں پوتے پوتیاں بھی ہیں۔زیونا چنا میزورام کے سیرشب ضلع کے گاؤں تلنگموام کے رہائشی تھے۔ ان کے انتقال پر میزورام کے وزیر اعلیٰ زورامتھنگا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دکھ بھرا پیغام بھی شیئر کیا ہے۔انہوں ںے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا ہے کہ میزورام کے لوگ بوجھل دل کے ساتھ مسٹر زیونا کو الوداع کہہ رہے ہیں جو کہ دنیا کے سب سے بڑے خاندان کا سربراہ تھے۔وزیر اعلیٰ کے مطابق اس خاندان کی وجہ سے میزورام اور ان کا گاؤں بکٹانگ تلنگنوام سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بن گئے تھے۔بھارتی میڈیا رپورٹس نے کچھ عرصہ قبل بتایا تھا کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا خاندان مل جل کر ایک ہی گھر میں رہتا ہے۔زیونا چنا نے اپنے ایک انٹرویو میں تین سال قبل کہا تھا کہ ان کی تمام بیویاں شادی کی پیشکش خود لے کر ان کے پاس آئی تھیں جس کی وجہ سے وہ انکار نہیں کرسکے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ شادیاں کرتے گئے اور ان کا خاندان بڑھتا گیا۔