لاہور (آن لائن،مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے لاہور سمیت ملک بھر میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 3 روپے 30 پیسے مزید اضافہ کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پیپکو نے وفاقی حکومت کو بجلی کی قیمت میں مزید 3 روپے 30 پیسے یونٹ بڑھانے کی
سفارش کی ہے۔ جس پر حکومت نے سوچ بیچار شروع کردیا ہے، بجلی کی قیمت بڑھنے سے بجلی کے صارفین پر 3 سو ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑ جائے گا۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے چند روز قبل بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1 روپے 20پیسے کا پہلے ہی اضافہ کیا تھا۔ بجلی کی قیمت میں مزید اضافے سے ملک میں پہلے سے موجود مہنگائی میں مزید طوفان برپا ہونے کا امکان ہے۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خا ن نے گزشتہ روز ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی تھی ۔ جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 20 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 95 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے جب کہ لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 42 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی گئی۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کی سمری وزیراعظم کو ارسال کی تھی جس میں پیٹرول 13روپے، ڈیزل 11روپے ، لائٹ ڈیزل 15روپے
33پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 10روپے 50 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفار ش کی تھی تا ہم وزیر اعظم عمران خان نے اوگر کی جانب سے بھیجی گئی اس سمری کو مستر د کرتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں 3 روپے ، لائٹ ڈیزل 4روپے 42پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3روپے فی لیٹر اضا فے کی منظوری دیدی ہے ۔