لاہور( این این آئی)انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے رانا ثنا اللہ کی گاڑی کی سپرداری ، گرفتاری کی فوٹیج فراہم کرنے جبکہ پراسکیوشن کی کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ اور دیگر ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے 7 مارچ کو طلب کر لیا ۔
انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج شاکر حسن نے سماعت کی ۔ اس موقع پررانا ثنا اللہ اور دیگر ملزمان نے اپنی حاضری مکمل کی جس کے بعد عدالت نے سماعت گیارہ بجے تک کے لیے ملتوی کر دی ۔رانا ثنا اللہ کے وکلاء کی جانب سے ہائیکورٹ بار کے انتخابات کے انتخابات کی وجہ سے سماعت ایک ماہ کے لئے ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی ۔عدالت کا کہنا تھاکہ دونوں فریقین کے وکلا ء کے دلائل مکمل ہوچکے ہیں اور ہفتہ کے روز ہی فیصلہ سنایا جائے گا ۔کچھ دیر بعد عدالت نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے رانا ثنا اللہ کی گاڑی کی سپرداری اور گرفتاری کی فوٹیج فراہم کرنے کی درخواستیں خارج کر دیں جبکہ پراسکیوشن کی کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کی درخواست بھی مسترد کردی گئی ۔ عدالت نے رانا ثنا اللہ سمیت اوردیگر ملزموں کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے 7مارچ کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔