اسلام آباد(آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف کی آستانہ کانفرنس کے دوران روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات طے جبکہ بھارتی ہم منصب سے ملاقات کا امکان ہے،زیراعلی پنجاب شہباز شریف بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہونگے۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم نوازشریف قازقستان کے شہر آستانہ میں شنگھائی کارپوریشن آرگنائزیشن کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ کانفرنس دو روز تک جاری رہے گی ۔ جس کا باقاعدہ آغازآٹھ جون کو ہوگا۔
کانفرنس کے دوران وزیراعظم کی بھارتی ہم منصب نریندرا مودی سے ملاقات متوقع ہے جبکہ وزیراعظم نواز شریف کی روس کے صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات طے ہے۔سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے آستانہ میں کانفرنس کے دوران پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کی مستقل رکنیت دینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر وزیراعلی پنجاب شہباز شریف بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہونگے۔تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہمارا قومی چیلنج ہے ۔بھارتی مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام بین الاقوامی فورموں پر بے گناہ کشمیریوں کیلئے آواز اٹھانے کیلئے پر عزم ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھی تنازعہ کشمیر کو بھرپور طریقہ سے اٹھایا ہے انہوں نے کشمیر میں بھارتی مظالم کی پرزور مذمت کی ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ بھارت مسلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ ایک سوال پر تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان کلبھوشن یادیو کے مقدمے میں عالمی عدالت انصاف میں اپنا موقف موثر انداز میں پیش کرے گا۔