واشنگٹن(آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے کی ان کی بیٹی ایوانکا نے مخالفت کر دی۔ایوانکا ٹرمپ نے جو بائیڈن کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی ہامی بھر لی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیٹی کے اس فیصلے کو بدترین قرار دے دیا۔دوسری جانب کیپٹل ہل پرپرتشدد احتجاج کے بعد نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کی
حلف برداری کی تقریب کے موقع پر بھی مسلح احتجاج کا خدشہ ہے۔ایف بی آئی نے خبردار کیا ہے کہ واشنگٹن سمیت امریکہ کی پچاس ریاستوں میں احتجاج ہو سکتا ہے۔ نومنتخب امریکی صدر20 جنوری حلف اٹھائیں گے۔جوبائیڈن کی حلف برداری کی تقریب سے قبل دس ہزار نیشنل گارڈز بھی تعینات کیے جا ئیں گے۔ موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کریں گے۔ امریکی صدر نے تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کرنے سے متعلق بات ٹوئٹر پر کی تھی۔ دریں اثناء امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نومنتخب جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری تک دارالحکومت میں ایمرجنسی نافذ کردی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 24 جنوری کو نومنتخب جوبائیڈن کی حلف برداری اور انتخابی مراحل کی تکمیل تک دارالحکومت واشنگٹن میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وائٹ ہاوس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ دارالحکومت میں ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ سبکدوش ہونے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس نے پیر کی شام وہائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں ایک ملاقات میں کیا۔ ادھر امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر سمیت کئی ارکان نے صدر ٹرمپ کی معزولی کے لیے قرار داد جمع کرادی ہے اور اگر نائب صدر مائیک پینس اس قرار داد پر کارروائی نہیں کرتے تو صدر ٹرمپ کا مواخذہ کیا جائے گا۔