تل ابیب (این این آئی)اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے مبینہ دورہ سعودی عرب کی جانب واضح اشارہ دے دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکمراں جماعت لیکوڈ پارٹی کی میٹنگ میں وزیراعظم نیتن یاہو سے عراق کے کرد خودمختار علاقے سے تعلقات قائم کرنے سے متعلق سوال کیا گیا۔نیتن یاہو کا جواب میں کہنا تھا کہ انہوں نے حال ہی میں عرب ممالک
کا دورہ کیا ہے مگر ابھی اس کے بارے میں بتا نہیں سکتے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نیتن یاہو نے گزشتہ ماہ سعودی عرب کے شہر نیوم کا خفیہ دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے اعلی سعودی شخصیات سے ملاقات بھی کی تھی۔ دوسری جانب سعودی عرب نے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی تردید کی تھی۔