مقبوضہ بیت المقدس (این این آئی)اسرائیل کے ایک کثیر الاشاعت اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب کی حکومت نے نہ صرف اپنی فضائی حدود کو اسرائیلی طیاروں کی آمد ورفت کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دی ہے بلکہ اسرائیلی طیاروں کو مکہ معظمہ کی فضا
سے بھی پرواز کی اجازت ہے۔عبرانی اخبار کے مطابق حال ہی میں اسرائیل سے بھارت جانے والے ایک اسرائیلی ہوائی جہاز نے مکہ معظمہ کی فضائی حدود سے سفر کیا۔رپورٹ کے مطابق یہ بہت شاندار ہے کہ ہمارے طیاروں کو سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ کی فضائی حود سے گذرنے کی اجازت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسرائیل کے بن گوریون ہوائی اڈے سے ایتھوپیا کے راستے بھارت جانے والے طیارے کو جدہ اور مکہ کی فضائی حدود سے گذرنے کی اجازت دی گئی۔اخبار نے مکہ معظمہ کی فضائی حدو سے ایک اسرائیلی طیارے کو گزرنے کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔ یہ جہاز بحیرہ احمر سے گذرنے کے بعد جدہ اور مکہ معظمہ کی فضائی حدود سے گزر کر بھارت پہنچا۔تاہم سعودی حکام نے اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔اسرائیلی فضائیہ نے اگست 2020 کے بعد اس وقت سعودی عرب کی فضائی حدود کا استعمال شروع کیا جب متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔