کرائسٹ چرچ( آن لائن ) نیوزی لینڈ کی مساجد میں 51 نمازیوں کو شہید کرنے والے دہشتگرد برینڈن ٹیرنٹ کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہرکرائسٹ چرچ کی النور مسجد اور لنووڈ اسلامک سینٹر میں فائرنگ کرکے 51 نمازیوں کو شہید کرنے والے دہشتگرد برینڈن ٹیرنٹ کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔
خبر ایجنسی کے مطابق 29 سالہ آسٹریلوی شہری برینڈن ٹیرنٹ نے پہلے صحت جرم سے انکار کیا تاہم بعد میں جرم قبول کرلیا جبکہ نیوزی لینڈ کی تاریخ میں پہلی بار کسی ملزم کو بغیر پیرول کے عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے ان کا کہنا تھا کہ مجرم تاحیات قید اور مکمل خاموشی کا مستحق ہے،متاثرین کا درد کم نہیں ہو سکتا، انہوں نے سماعت کے دوران اپنے جذبات کا اظہار کرنے والے مسلمانوں کی بہادری کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ بھی آپ کے درد کو کم نہیں کر سکتا لیکن مجھے امید ہے اس سارے عمل کے دوران آپ نے محسوس کیا ہو گا کہ نیوزی لینڈ نے آپ کو گلے لگائے رکھا اور کسی بھی لمحے پر اکیلا نہیں چھوڑا۔