اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ماہر غذائیت نے خبردار کیا ہے کہ بڑے پیمانے پر مرغی کی افزائش (فارمنگ) کے نتیجے میں کورونا وائرس سے بھی زیادہ خطرناک وبا دنیا میں پھیل سکتی ہے جس سے دنیا کی آدھی آبادی ختم ہو جائے گی۔ اپنی نئی کتاب ’’ہائو ٹوُ سروائیو اے پینڈیمک‘‘ میں ڈاکٹر مائیکل گریگر نے لکھا ہے کہ پولٹری مصنوعات میں پائی جانے والی بیماریاں انسانوں کیلئے کورونا وائرس سے
بھی زیادہ خطرناک ہیں۔ ڈاکٹر گریگر کہتے ہیں کہ جب تک ہم گوشت خوری پر انحصار کرتے رہیں گے اس وقت تک انسان نئی بیماریوں کی زد میں آتا رہے گا۔ ڈیلی ٹیلی گراف اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر گریگر خود سبزی خور ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وبائوں کے نتیجے میں وائرس تیزی سے ایک انسان سے دوسرے انسان تک پھیلتا ہے، یہ معاملہ ’’اگر ایسا ہوا تو‘‘ کا نہیں بلکہ ’’ایسا کب ہوگا‘‘ کا ہے۔