فرینکفرٹ(این این آئی)کرونا کی وبا کی وجہ سے پوری دنیا میں فضائی اور زمینی سفری آمد ورفت پر متاثر ہونے سے ہرشعبہ زندگی کے لوگ متاثر ہوئے ہیں مگر بعض لوگ مختلف حیلے بہانوں سے اب بھی سفر کی کوششیں کررہے ہیں۔ اس حوالے سے ایک امریکی نوجوان کا دلچسپ واقعہ سامنے آیا ہے جو واشنگٹن سے آنے والے ایک جہاز میں سفر کرکے جرمنی کے شہر فرانکفرٹ کے ہوائی اڈے پر پہنچ گیا۔
وہ امریکا سے جرمنی میں مقیم اپنی گرل فرینڈ سے ملنے آیا مگر فرانکفرٹ ہوائی اڈے پر اسے دھرلیا گیا۔جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق واشنگٹن سے آنے والے ایک فلائٹ کے ذریعے آنے والے اس عاشق نا ہنجار نے ہوائی اڈے کے سیکیورٹی عملے کو چکما دینے کے لیے مرمت اور صفائی کرنے والے ایک کارکن کے طورپرظاہر کرنے کی کوشش کی۔ اس نے مرمت کرنے والے کارکنوں کی کٹ پہن رکھی تھی اور ہاتھوں میں سیاہ رنگ کے دو تھیلے اٹھا رکھے تھے۔ اس نے جہازوں کی سیٹوں کے عقب میں موجود ڈبوں کوخالی کرنے کا ڈھونگ رچایا مگر سیکیورٹی عملے نے اس کا فراڈ پکڑ لیا۔ پولیس نے اسے پوچھ تاچھ کے لیے حراست میں لیا تو اس نے بتایا کہ وہ کوئی مرمتی کارکن نہیں بلکہ جرمنی میں مقیم اپنے محبوبہ سے ملنے کے لیے آیا ہے۔ اس کے بعد اسے واپس امریکا بھیج دیا گیا تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا اس کی محبوبہ کے ساتھ اس کی ملاقات کرائی گئی یا نہیں۔