قاہرہ (این این آئی )مصر کی وزارت برائے اسلامی وقف نے کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد آیندہ ماہ رمضان المبارک کے دوران میں افطار کی تمام اجتماعی تقریبات اور سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں وزارتِ اسلامی وقف نے کہا کہ اس نے رمضان المبارک میں اجتماعی دسترخوانوں پر
بھی پابندی عاید کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔مصر میں برسوں سے یہ روایت چلی آرہی ہے کہ مخیر حضرات ماہِ صیام میں مساجد کے اندر یا ان سے ملحقہ احاطوں میں غربا کے لیے اجتماعی افطار کا اہتمام کرتے ہیں۔اس کے علاوہ رمضان میں اجتماعی سرگرمیاں منعقد کی جاتی ہیں۔لوگ تراویح کی نماز اکٹھے ادا کرتے ہیں۔خیموں میں روزہ کشائی کے علاوہ اجتماعی طور پر رات کا کھانا کھاتے ہیں اور شیشہ پینے کا بھی اہتمام کرتے ہیں۔مصری اپنے دوستوں اور خاندانوں کے ساتھ اس طرح کی مختلف تقریبات منعقد کرتے چلے آرہے ہیں۔