تل ابیب (این این آئی)اسرائیلی تاریخ میں پہلی بار ایک باحجاب فلسطینی نژاد اسرائیلی مسلمان خاتون نے انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔میڈیارپورٹس کے مطابق فلسطینی نژاد اسرائیلی شہری 55 سالہ ایمان یاسین خطیب نے 2 مارچ کو ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔
ان کا تعلق بائیں بازو کی سیاسی جماعتوں کے اتحاد سے ہے۔ایمان یاسین خطیب نے عرب اکثریتی اسرائیلی علاقے سے ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، وہ اسرائیلی پارلیمنٹ کنیسٹ کی پہلی مسلمان اور باحجاب خاتون رکن ہیں۔چار بچوں کی ماں ایمان یاسین خطیب کو سیاست اور حکومت کا طویل تجربہ ہے اور وہ رکن پارلیمنٹ کا الیکشن لڑنے سے قبل مقامی حکومت میں خدمات سر انجام دے رہی تھیں۔ایمان یاسین خطیب سمیت لاکھوں عرب فلسطینی نڑاد مسلمان ایسے ہیں جو اسرائیلی شہری ہیں، وہ 1948 سے ہی اسرائیل میں رہائش پذیر ہیں۔رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے کے بعد اپنے آبائی علاقے میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے ایمان یاسین خطیب نے کہا کہ انہیں باحجاب ہونے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا ہے اور اب ان کے منتخب ہونے کے بعد اسلام مخالف بیانات بھی دیے جائیں گے لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے۔