سرینگر(این این آئی) مقبوضہ کشمیر میںقابض بھارتی حکام کشمیری طلبا کو تحریک آزادی کی سرگرمیوں سے حصہ لینے سے روکنے کے لئے وادی کشمیر کی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قابض حکام نے مرحلہ وار نگرانی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سرینگر کے کالجوں میں یہ عمل جلد شروع کیا جائے گا۔
اس منصوبے پر بھارتی حکام کے ایک اعلی سطحی اجلاس میںغور کیا گیا اور سری نگر کے کالجوں میں ترجیحی بنیادوں پر کیمرے لگانے کا فیصلہ کیاگیاتاکہ طلباء کی نگرانی کی جائے۔ایک سینئر افسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ متعلقہ یونیورسٹیوں اور کالجوں نے تنصیب کا عمل شروع کردیا ہے اور ایک کنٹرول روم میں ویڈیو فوٹیج کا ڈیٹا بیس محفوظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ یہ سب طلباء کی سرگرمیوں پر نظررکھنے اور ان کی نگرانی کے لئے کیا جارہا ہے۔سرینگر کے ایک کالج میں حکام نے بتایا کہ طلبا کی نقل و حرکت پر ان کی نظر ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ کلاس رومز میں بھی سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے لیکن ہم یہ نہیں جانتے کہ کلاس رومز کے اندر نصب کیمروں میں مائیکروفون بھی ہونگے یا نہیں۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ عام طور پر سی سی ٹی وی کیمروں میں مائکروفون نہیں ہوتے ہیں لیکن اس پر غور کیا جا رہا ہے آیا کلاس رومز میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو آڈیو سہولت سے آراستہ کیا جائے یا نہیں۔ واضح رہے کہ بھارتی حکام تعلیمی اداروں میں احتجاجی مظاہروں کو روکنے کی ہرممکن کوشش کررہے ہیں۔