بشکیک (این این آئی)کرغزستان نے کورونا وائرس کے پیش نظر چین کے شہریوں کو نئے ویزے کے اجرا کا عمل روک دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ نور لان عبدراخمانوف نے کہا کہ پڑوسی ملک میں کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے چین کے شہریوں کو ویزا نہیں دیا جائیگا۔انہوں نے واضح کیا کہ جو چینی شہری پہلے ہی سے ویزا رکھتے ہیں صرف انہیں ہی ملک میں داخلے کی اجازت ہوگی۔واضح رہے کہ چین
سے پھیلنے والے اس وائرس سے دنیا بھر میں ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2200 سے تجاوز کرگئی ہے۔کورونا وائرس گزشتہ برس دسمبر میں چین میں سامنے آیا تھا اور ووہان میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی تھیں جس کے بعد دنیا کے دیگر ممالک میں بھی کئی افراد متاثر ہوئے تھے اور ہلاکتیں بھی ہوئی تھیں۔تازہ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر کے 27 ممالک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2200 سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں چین میں ہوئی ہیں۔