بنگلورو (این این آئی)بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع حوبالی میں ایک انجینئرنگ کالج میں زیر تعلیم تین کشمیری طلباء کو پاکستان کے حق میں نعرے لگانے اور سوشل میڈیا پراس کی ویڈیو پوسٹ کرنے پربغاوت کا مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق طلباء کشمیر کے ضلع شوپیاں سے تعلق رکھتے ہیں اور یہ کارروائی کالج انتظامیہ کی
شکایت پر کی گئی ہے۔حوبالی دھارواڈکے پولیس کمشنر آر دلیپ نے بتایاکہ ہمیں اطلاع ملی کہ کے ایل ای انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں زیر تعلیم تین کشمیری طلباء نے پاکستان کے حق میں نعرے بازی کی ہے اور انہوں نے اس کی ویڈیو بنائی جو وائرل ہوگئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہماری ٹیم فوری طور پر موقع پر گئی اور انہیں گرفتار کرلیا ۔بجرنگ دل کے کارکنوں سمیت دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے افراد کالج کے سامنے جمع ہوگئے اوران تینوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیاتھا۔ جب طلباء کو پولیس اسٹیشن لے جایا جارہا تھا تو ایک کارکن نے ان پر حملہ کرنے کی کوشش کی ۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ طلباء کے خلاف بغاوت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر اثر انداز ہونے سے متعلق مقدمہ درج کیا گیا ہے۔