نئی دہلی (این این آئی) بھارتی شہری نے 14 سال قید کاٹنے کے باوجود ڈاکٹر بننے کا اپنا بچپن کا خواب پورا کر لیا۔بھارتی ریاست کرناٹکا کے رہائشی 40 سالہ سوباش پٹیل نے 1997 میں ڈاکٹر کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے داخلہ لیا مگر 2002 میں اسے قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا
اور پھر 2006 میں عدالت نے سوباش کو عمر قید کی سزا سْنا دی۔2002 میں جب سوباش کو عمر قید کی سزا ہوئی تو اس وقت وہ میڈیکل تھرڈ ائیر کا طالبعلم تھا، سزا کی وجہ سے اس کی تعلیم ادھوری رہ گئی۔عمر قید کی سزا بھی سوباش پٹیل کے ڈاکٹر بننے کے عزم کو کمزور نہ کر سکی اور سوباش اپنی سزا پوری کرنے کے بعد دوبارہ ڈاکٹر بننے کی جستجو میں جت گیا۔سوباش کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سزا کے دوران میں جیل کے ہسپتال کی ’او پی ڈی‘ میں کام کرنے لگا اور 2016 میں مجھے اچھے طرزِ عمل پر رہائی مل گئی، جیل سے رہائی کے بعد میں نے اپنے ڈاکٹر بننے کی تعلیم دوبارہ شروع کی اور 2019 میں میں نے اپنی تعلیم مکمل کر لی۔سوباش پٹیل نے ڈاکٹر کی ڈگری حاصل کرنے کے لیے 1 سال پر مشتمل اپنی ہاؤس جاب بھی مکمل کر لی ہے۔جیل میں اتنے سال رہنے کے باوجود سوباش پٹیل نے ہار نہیں مانی اور اپنے بچپن کا خواب پورا کیا۔