واشنگٹن(این این آئی)امریکی اخبارنے بتایا ہے کہ سیکیورٹی کیمرے کے ذریعہ ریکارڈ کی گئی نئی ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ 8 جنوری کو تہران سے پرواز کے بعد دوایرانی میزائل 30 سیکنڈ کے وقفے سے یوکرین کے مسافر طیارے سے ٹکرائے تھے۔ اس فوٹیج سے ظاہرہوتا ہے کہ یوکرین کے جہاز کو ایک میزائل نہیں بلکہ دو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا تھا۔امریکی اخبار نے اپنی
رپورٹ میں بتایا کہ یہ دونوں میزائل طیارے سے تقریباً 12 کلومیٹر دور ایرانی فوجی مرکز سے لانچ کیے گئے۔ میزائل حملوں کے بعد طیارہ فورا نہیں گرا بلکہ اس میں آگ بھڑک اٹھی تھی اور اس نے واپس تہران ہوائی اڈے کی طرف آنے کی بھی کوشش کی تھی۔اس سے قبل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک فوٹیج میں جہاز کو آگ کے گولے کی شکل میں فضاء سے زمین پر گرتے دیکھا جاسکتا تھا۔